سیالکوٹ یونیورسٹی میں ’’اکیڈمک ایکسیلنس اینڈ ایڈوانسڈ ریسرچ میتھڈولوجیز‘‘ پر ورکشاپ
سیالکوٹ ( پی پی اے) سیالکوٹ یونیورسٹی کے فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے شعبہ بزنس کے زیر اہتمام فیکلٹی ممبران، پی ایچ ڈی سکالرز اور ریسرچ طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے اور علمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ’’اکیڈمک ایکسیلنس اینڈ ایڈوانسڈ ریسرچ میتھڈولوجیز‘‘ کے موضوع پر ریسرچ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کے مقرر معروف عالمی محقق اور چین کے بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز تھے۔ انہوں نے ہائی امپیکٹ جرنلز میں تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت، پائیدار ترقی، معاشیات، فنانس اور جدید تحقیقی طریقہ کار کے حوالے سے شرکا کو مفید معلومات اور عملی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے موثر تحقیق، معیاری علمی کام اور کامیاب اکیڈمک کیریئر کے حوالے سے اپنے وسیع تجربات سے بھی آگاہ کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز کا ایچ انڈیکس 175 ہے جبکہ ان کے تحقیقی کام کو ایک لاکھ دو ہزار سے زائد مرتبہ حوالہ دیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر شعبہ بزنس کی سربراہ ڈاکٹر شمیم اختر نے کہا کہ شعبہ معیاری تحقیق کے فروغ اور فیکلٹی و سکالرز کو بین الاقوامی سطح کے ماہرین سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ورکشاپ میں فیکلٹی ممبران، پی ایچ ڈی سکالرز اور ریسرچ طلبہ نے شرکت کی اور تحقیقی امور پر سوالات و تبادلہ خیال کیا۔ شرکا نے ورکشاپ کو تحقیقی استعداد میں اضافے، علمی تعاون اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مفید قرار دیا