پناہ کی کیپیٹل یونیورسٹی میں غیر صحت بخش غذاؤں کے خلاف آگاہی مہم
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے نوجوانوں میں صحت مند غذائی عادات کے فروغ کے لیے اپنی ملک گیر آگاہی مہم جاری رکھتے ہوئے کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) میں آگاہی سیشن منعقد کیا جس کا مقصد طلبہ کو الٹرا پروسیسڈ مصنوعات کے مضر صحت اثرات اور غیر متعدی امراض کی روک تھام میں پیکٹ کے سامنے وارننگ لیبلز کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔سیشن میں طلبہ اساتذہ اور نوجوان نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان میں ذیابیطس قلبی امراض موٹاپے اور غیر صحت بخش غذاؤں سے منسلک دیگر غیر متعدی امراض میں تشویش ناک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پناہ کے سیکرٹری جنرل ثناء اللہ گھمن نے غیر صحت بخش غذائی عادات اور الٹرا پروسیسڈ مصنوعات کے کثرت سے استعمال کے باعث بڑھتے ہوئے طبی مسائل پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ پیکٹ کے سامنے وارننگ لیبلز کو لازمی قرار دینے سے صارفین، بالخصوص نوجوانوں کو ایسی پیک شدہ مصنوعات کی شناخت میں مدد ملے گی جن میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس سے وہ باخبر اور صحت مند غذائی انتخاب کر سکیں گے. ثناء اللہ گھمن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صحتِ عامہ کے سفیر بنیں اور صحت مند غذائی ماحول کی تشکیل کے لیے شواہد پر مبنی پالیسیوں کی حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے عوامی آگاہی اور مؤثر حکومتی پالیسیوں کا ساتھ ساتھ چلنا ضروری ہے پناہ کے نائب صدر غلام عباس نے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور غیر متعدی امراض کی روک تھام میں نوجوانوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعات نئی نسل کو غیر صحت بخش غذاؤں کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور معاشرے میں آگاہی پھیلائیں اور الٹرا پروسیسڈ مصنوعات پر وارننگ لیبلز لازمی قرار دینے کی مہم کی حمایت کریں۔یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شعبے کی سربراہ پروفیسر صباحت نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے آگاہی اور پالیسی سازی کے حوالے سے پناہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے صحت سے متعلق احتیاطی اقدامات میں طلبہ کی شمولیت کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے یونیورسٹی اور پناہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کی حمایت کی۔سیشن کے اختتام پر نوجوانوں کی قیادت میں صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے اور غیر متعدی امراض کی روک تھام میں طلبہ کو فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پناہ نے صحت مند اور باخبر نسل کی تشکیل کے لیے پاکستان بھر کی جامعات میں آگاہی مہم کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا