باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا فائنل ہوگا
تاریخی میدان میں 21 سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی، مارخور آئی ٹی سلوشنز اور اسٹیٹ بینک مدمقابل
لاہور (پی پی اے) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون 2026-27 کے پانچ روزہ فائنل کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے جو 27 سے 31 اکتوبر تک لاہور کے تاریخی باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ فیصلہ کن معرکے میں مارخور آئی ٹی سلوشنز اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں 2005 کے بعد پہلی مرتبہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ اس تاریخی میدان میں آخری مرتبہ پاکستان اے اور انگلینڈ الیون کے درمیان 6 سے 8 نومبر 2005 تک تین روزہ میچ کھیلا گیا تھا۔ یہ میدان 1950 کی دہائی میں پاکستان کے تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی بھی کرچکا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 1923 سے اب تک باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں مجموعی طور پر 148 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں تین ٹیسٹ میچ بھی شامل ہیں اس کے علاوہ یہاں قائداعظم ٹرافی کے 32 میچز، مردوں کے 21 لسٹ اے میچز اور 16 مسابقتی ٹی 20 مقابلے بھی منعقد ہوچکے ہیں پی سی بی تاریخی میدان پر ریڈ بال کرکٹ کی بحالی کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ اسی سلسلے میں حال ہی میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو سلور ٹورنامنٹ کا چار روزہ فائنل 20 سے 23 اکتوبر تک باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا تھا بورڈ کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا فائنل بھی اسی تاریخی میدان میں منعقد کرنے کا مقصد اس کے شاندار ماضی کو اجاگر کرنا اور پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں اس کی منفرد اہمیت کو تسلیم کرنا ہے