پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

نارووال کے 24 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کٹس تقسیم

احسن اقبال اور محی الدین وانی کی موجودگی میں قومی کھیل کی بحالی کے لیے اہم اقدام

نارووال (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی کھیل ہاکی کو اسکولوں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل میں اس کھیل کا شوق بیدار کرنے کے لیے نارووال کے 24 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کرنے کی تقریب نارووال اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی سمیت ہاکی فیڈریشن کے نمائندگان، محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نارووال کے 24 سے زائد رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان اور طلبہ میں جدید ہاکی کٹس اور ضروری کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد اسکولوں کے بچوں کو ہاکی کھیلنے کے لیے معیاری سامان فراہم کرنا اور انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع دینا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کے تحت گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کو فروغ دینے، تعلیمی اداروں میں ہاکی کی سرگرمیاں بحال کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اسکولوں میں ہاکی کا سامان فراہم کرنے سے طلبہ کو کھیل سیکھنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور مستقبل میں قومی سطح پر ملک کی نمائندگی کے لیے تیار ہونے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان اور طلبہ نے شرکت کی اور ہاکی کٹس وصول کیں۔ اس اقدام کو پاکستان میں ہاکی کی بنیاد مضبوط بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور قومی کھیل کا ماضی کا مقام بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.