پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

زلمی مدرسہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن انوینسیبلز نے جیت لیا، ایگلز کو پانچ وکٹوں سے شکست

پشاور (پی پی اے) زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا ٹائٹل انوینسیبلز نے اپنے نام کرلیا۔ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے گئے فائنل میں انوینسیبلز نے ایگلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹورنامنٹ میں مختلف مدارس کی 15 ٹیموں نے شرکت کی، جس کا مقصد مدارس کے طلبہ میں کرکٹ کو فروغ دینا، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانا تھا۔فائنل میں ایگلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنائے، جس کے جواب میں انوینسیبلز نے سات اوورز میں 111 رنز کا ہدف حاصل کرکے پانچ وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔ انوینسیبلز کی فتح میں بہار علی نے کلیدی کردار ادا کیا اور 65 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔زلمی مدرسہ لیگ میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مدارس کے طلبہ کی شرکت نے مذہبی رواداری، اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قائم کی۔ ایونٹ کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ انہیں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا گیا۔اس موقع پر مولانا طیب قریشی اور ثمر ہارون بلور نے پشاور زلمی کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی اور جاوید آفریدی کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے اور معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔پشاور زلمی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق نے زلمی مدرسہ لیگ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس ایونٹ کا دائرہ سندھ اور کراچی تک بھی وسیع کیا جائے گا، تاکہ ملک کے مختلف علاقوں میں مدارس کے طلبہ کو کرکٹ کے مزید مواقع میسر آسکیں تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے فاتح ٹیم انوینسیبلز کو چیمپئن ٹرافی اور رنر اَپ ایگلز کو ٹرافی پیش کی، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے زلمی مدرسہ لیگ کا ساتواں ایڈیشن اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ مدارس کے طلبہ میں کھیلوں کو فروغ دینے، نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.