پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

منیبہ علی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان کی کپتان مقرر

لاہور (پی پی اے): پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کے لیے 14 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت منیبہ علی کریں گی جبکہ عائشہ ظفر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ایونٹ 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں کھیلا جائے گا۔ اسکواڈ میں بیٹرز ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں، جبکہ حال ہی میں منعقدہ نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں بہترین وکٹ کیپر بیٹر کا اعزاز حاصل کرنے والی گل فیروزہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گی بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گی، جبکہ مومنہ ریاضت، طوبیٰ حسن اور امِ ہانی اسپن بولنگ کے شعبے میں ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ تیز بولنگ کے لیے تسمیہ ربّاب اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے حال ہی میں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ سابقہ اسائنمنٹ میں شامل 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ صدف شمس اور وحیدہ اختر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ قومی ٹیم کی مستقل کپتان فاطمہ ثنا اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گی، کیونکہ وہ آسٹریلیا میں ویمنز بگ بیش لیگ کے اپنے پہلے سیزن میں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف لیگ میچز کھیلے گی۔ دونوں گروپس سے تین، تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں ہر ٹیم مزید تین میچز کھیلے گی۔ سپر سکس مرحلے کی سرفہرست دو ٹیمیں بدھ 25 نومبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی قومی اسکواڈ 6 نومبر کو لاہور میں جمع ہوگا، جہاں 7، 8 اور 9 نومبر کو تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ کیمپ مکمل ہونے کے بعد ٹیم متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ قومی اسکواڈ: منیبہ علی صدیقی (کپتان، وکٹ کیپر)، عائشہ ظفر (نائب کپتان)، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ ربّاب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر۔ ٹیم مینجمنٹ و معاون اسٹاف: وہاب ریاض (مینٹور)، عائشہ اشعر (ٹیم منیجر)، عبدالرحمٰن (اسپن بولنگ کوچ)، عمید آصف (فاسٹ بولنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، عمران فرحت (بیٹنگ کوچ)، ولید احمد (پرفارمنس اینالسٹ)، معین (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ) اور درِ ثمند (فزیوتھراپسٹ)۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.