پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان

69ویں ایڈیشن کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا 20 ریجنل ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک کے سب سے قدیم فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے 69ویں ایڈیشن کے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان کردیا ہے ٹورنامنٹ کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا، جس میں گولڈ کی آٹھ اور سلور کی 12 ریجنل ٹیمیں شرکت کریں گی، دونوں ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے دونوں ٹیمیں اپنے پہلے میچ میں 3 نومبر سے اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی گولڈ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے علاوہ فیصل آباد فاٹا لاہور وائٹس اسلام آباد پشاور ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں یہ مقابلے 3 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ ہر راؤنڈ میں چار میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 15 سے 19 دسمبر تک شیڈول ہے گولڈ ٹورنامنٹ کے میچز اسلام آباد کے نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اور ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے
قائداعظم ٹرافی سلور میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس شامل ہیں سلور ٹورنامنٹ بھی 3 نومبر سے شروع ہوکر 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔ گروپ اے کے میچز کراچی میں اسٹیٹ بینک کرکٹ گراؤنڈ، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ گروپ بی کے مقابلے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، اسپورٹس کمپلیکس رحیم یار خان اور ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ہوں گے پی سی بی کے مطابق گولڈ ٹورنامنٹ کے تمام میچز براہ راست اسٹریمنگ کے ذریعے دکھائے جائیں گے، جبکہ سلور ٹورنامنٹ کے ہر راؤنڈ میں چھ میں سے چار میچز کی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ سلور ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں اگلے سیزن میں قائداعظم ٹرافی گولڈ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.