قائداعظم ٹرافی گولڈ کے افتتاحی روز تین شاندار سنچریاں رضوان اور حریرہ کی عمدہ بیٹنگ
پشاور بلوز فاٹا اور کراچی بلوز کی پوزیشن مستحکم بولرز میں محمد عمر اور حماد عزیز نمایاں رہے
اسلام آباد (پی پی اے) قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے راؤنڈ کا افتتاحی دن مکمل ہوگیا پہلے روز مختلف گراؤنڈز میں کھیلے گئے میچوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، محمد ہریرہ اور نجب خان نے شاندار سنچریاں اسکور کیں محمد رضوان نے ناقابل شکست 111 رنز جبکہ محمد ہریرہ نے 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی نجب خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور بلوز نے کھیل کے اختتام تک 76 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا لیے محمد رضوان نے 142 گیندوں پر ناقابل شکست 111 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں 21 چوکے شامل تھے یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 16ویں سنچری ہے نجب خان نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 168 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی پہلی سنچری ہے دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 179 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں 79.1 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی سیالکوٹ کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد ہریرہ نے 143 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 13ویں سنچری ہے۔ کراچی بلوز کی جانب سے محمد عمر نے 19 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد اصغر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جواب میں کراچی بلوز نے دن کے اختتام تک 3.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنا لیے تھے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا نے لاہور وائٹس کے خلاف پہلے روز 73 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز اسکور کر لیے فاٹا کی جانب سے فواد ارشد اور ریحان آفریدی نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ لاہور وائٹس کے حماد عزیز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کی ٹیم ملتان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 74.3 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اسلام آباد کی جانب سے محمد حماد خان نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ ملتان کی طرف سے محمد شہزاد اور محمد شان نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو نمایاں برتری دلانے کی بنیاد فراہم کی قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے روز بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کے ساتھ بولرز نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ دوسرے روز تمام ٹیمیں میچوں میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی