پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں اعزاز کے دفاع کے لیے تیار، 5 نومبر سے عمان میں معرکہ ہوگا

بھارت نیپال اور متحدہ عرب امارات گروپ اے میں حریف، فرحان یوسف قیادت کریں گے ہیڈ کوچ شاہد انور کو کھلاڑیوں کی تیاری پر مکمل اعتماد

اسلام آباد (پی پی اے) دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایشیائی کرکٹ ٹورنامنٹ 5 سے 14 نومبر تک عمان میں کھیلا جائے گا پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں افغانستان بنگلہ دیش سری لنکا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں پاکستان نے گزشتہ سال دسمبر 2025 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ قومی انڈر 19 ٹیم ٹورنامنٹ کی تیاری اور عمان کے موسمی و کرکٹ حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مقررہ وقت سے چار، پانچ روز قبل ہی عمان پہنچ گئی ہے ایشیا کپ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے انگلینڈ کا کامیاب دورہ کیا، جہاں چار میچوں کی ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین میچوں سے شکست دی، جبکہ واحد چار روزہ میچ میں پاکستان کو محض 10 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا انگلینڈ کے دورے میں کپتان فرحان یوسف نے چار ون ڈے میچوں میں 223 رنز اسکور کیے، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل تھیپاکستان انڈر 19 ٹیم اپنے ٹائٹل کے دفاعی سفر کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی، 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت جبکہ 10 نومبر کو نیپال کے مدمقابل ہوگی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 12 نومبر جبکہ فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں جس نے ٹیم کو ٹورنامنٹ سے چار، پانچ روز قبل عمان بھیجنے کا انتظام کیا تاکہ کھلاڑی مقامی حالات سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہوسکیں کھلاڑیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران بھرپور ٹریننگ کی ہے اور تمام کھلاڑی مکمل فٹ، پرعزم اور ٹائٹل کے دفاع کے لیے پُرجوش ہیں
انہوں نے کہا کہ ٹیم کا بنیادی ہدف بے خوف کرکٹ کھیلنا ہے اور ہر کھلاڑی ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے دفاعی چیمپئن ہونا دباؤ نہیں بلکہ ہمارے لیے اعزاز ہے، گزشتہ ایڈیشن میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی ٹرافی پاکستان لانے میں کامیاب ہوں گے۔ کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کی تیاریوں سے مطمئن ہیں اور شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے

Leave A Reply

Your email address will not be published.