بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے دی
انجری ٹائم میں نجیب اللہ اور عالمگیر غازی کے گول، قومی ٹیم خسارہ پورا نہ کرسکی
ڈھاکہ (پی پی اے) سیف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان فٹبال ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں قومی ٹیم نے انجری ٹائم میں دو شاندار گول کرکے مقابلے میں واپسی کی بھرپور کوشش کی تاہم ابتدائی تین گول کا خسارہ پورا کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی پاکستان کی جانب سے نجیب اللہ نے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں جنید شاہ کے کراس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے پہلا گول اسکور کیا۔ یہ ان کا پہلا انٹرنیشنل گول تھا چند لمحوں بعد عالمگیر غازی نے مکیل عبداللہ کے پاس پر خوبصورت اوور ہیڈ کِک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلے کا اسکور 3-2 کردیا تاہم قومی ٹیم برابری کا گول کرنے میں ناکام رہی اس سے قبل بھارتی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو دباؤ میں رکھا سہیل احمد بھٹ نے 14ویں اور 20ویں منٹ میں دو گول اسکور کیے جبکہ منگلنتھانگ کِپگن نے 32ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے بھارت کی برتری 3-0 کردی پاکستان کو خسارہ کم کرنے کا موقع اس وقت ملا جب حیان خٹک نے حریف ٹیم کے پینلٹی ایریا میں فاؤل کے نتیجے میں پینلٹی حاصل کی تاہم شہک دوست کی کک بار سے اوپر چلی گئی اور پاکستان گول کرنے کا موقع ضائع کر بیٹھا
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے میچ کے ابتدائی حصے میں ہی تبدیلی کرتے ہوئے وقار احتشام بلوچ کی جگہ فارورڈ مکیل عبداللہ کو میدان میں اتارا دوسرے ہاف کے آغاز پر عمر نواز اور محمد جنید نے سید علی رضا اور علی عزیر محمود کی جگہ لی دوسرے ہاف میں پاکستان کو اس وقت مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب لیفٹ بیک عبد الرحمن اور شہک دوست انجری کے باعث میدان سے باہر ہوگئے جن کی جگہ جنید شاہ اور نجیب اللہ کو کھیلنے کا موقع دیا گیا میچ کے آخری حصے میں مکیل عبداللہ کے پاس پر نجیب اللہ کو ایک اور موقع ملا، تاہم بھارتی گول کیپر ارش انور شیخ نے ان کی کوشش ناکام بنا دی پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار 8 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر مالدیپ کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے قومی ٹیم کو اس میچ میں مثبت نتیجہ حاصل کرنا ہوگا چیمپئن شپ کے ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ یہ مقابلہ فیفا انٹرنیشنل ونڈو شروع ہونے سے قبل کھیلا جا رہا ہے