پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

قائداعظم ٹرافی گولڈ، پہلے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل

سیالکوٹ بلوز کی پوزیشن مستحکم محمد حریرہ کی سنچری بابر اعظم دوسری اننگز میں بھی کریز پر موجود

اسلام آباد (پی پی اے) قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے روز چار مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جانے والے میچز میں دلچسپ مقابلے جاری رہے۔ سیالکوٹ بلوز نے کراچی بلوز کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ محمد حریرہ اور محسن ریاض نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ دوسری جانب فیصل آباد فالو آن کے بعد مشکلات سے دوچار ہے جبکہ لاہور وائٹس کو فاٹا کے خلاف ہدف کے تعاقب میں ابتدائی مشکلات کا سامنا ہے نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ بلوز نے کراچی بلوز کے خلاف اپنی دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 388 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی۔ محمد حریرہ نے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محسن ریاض 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی بلوز نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 2 رنز بنا لیے
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور بلوز کے خلاف فیصل آباد کی پہلی اننگز 259 رنز پر اختتام پذیر ہوگئی عتیق الرحمان نے 72 رنز بنائے جبکہ پشاور بلوز کے ساجد خان اور محمد عدنان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد فیصل آباد نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اب بھی مزید 190 رنز کا خسارہ درپیش ہے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا کی دوسری اننگز لاہور وائٹس کے خلاف 283 رنز پر ختم ہوگئی محمد فاروق نے 123 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ سلمان خان جونیئر نے 53 رنز بنائے۔ 412 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں لاہور وائٹس کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے 40 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ بابر اعظم 20 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ آفاق آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کے خلاف ملتان کی پہلی اننگز 327 رنز پر مکمل ہوگئی عمران رفیق نے 140 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ اسلام آباد کے موسیٰ خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلام آباد نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا لیے ہیں اور اسے مجموعی طور پر 51 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اسلام آباد کے راجہ حمزہ وحید نے 60 رنز بنائے، جبکہ حسن حفیظ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے روز کے اختتام پر مختلف ٹیموں کے درمیان مقابلے دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور چوتھے روز میچز کے فیصلوں کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.