پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

خیرپور کے اسکولوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے جدید کٹس تقسیم

خیرپور (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی کھیل ہاکی کو اسکولوں کی سطح پر دوبارہ فروغ دینے اور نوجوان نسل میں کھیل کا شوق بیدار کرنے کے لیے سچل آڈیٹوریم ہال خیرپور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلع خیرپور کے رجسٹرڈ اسکولوں میں جدید ہاکی کٹس اور کھیل کا سامان تقسیم کیا گیا تقریب کا بنیادی مقصد گراس روٹ لیول پر ہاکی کو فروغ دینا، تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیوں کو مستحکم کرنا اور نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا تھا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں مختلف رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان اور طلباء نے باضابطہ طور پر ہاکی کٹس وصول کیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور طاہر احمد چاچڑ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر اسکولوں کی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کو سراہا اور ضلعی حکومت خیرپور کے زیر اہتمام انٹر اسکول ہاکی لیگ کرانے کا اعلان کیا۔مہمان خصوصی آئی پی سی کے ایڈیشنل سیکرٹری میراں محی الدین سومرو نے پاکستان ہاکی کے شاندار ماضی کا ذکر کرتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ہاکی کھیل کر مستقبل میں قومی اور عالمی سطح کے نامور کھلاڑی بننے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے آئی پی سی کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا. پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹر اسکول ہاکی لیگ کے انعقاد کے اعلان پر ڈپٹی کمشنر خیرپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا. تقریب میں آئی پی سی کے ایڈیشنل سیکرٹری میراں محی الدین سومرو، ڈپٹی کمشنر خیرپور طاہر احمد چاچڑ، پی ایچ ایف میڈیا ہیڈ وقاص شیخ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے نائب صدر ذوالفقار علی ڈاھوٹ، ڈی ای او ایجوکیشن انیس الرحمن ڈپٹی ڈی ای او خیرپور بخش علی راجپر، ڈی ایچ اے خیرپور کے مرتضیٰ ڈاھوٹ، سینئر ہاکی ایمپائر عرفان ڈاھوٹ اور ویمن ہاکی ونگ خیرپور کی رضوانہ چاچڑ سمیت پاکستان ہاکی فیڈریشن اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کے نمائندگان اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسکولوں میں ہاکی کٹس کی فراہمی اور انٹر اسکول ہاکی لیگ جیسے اقدامات سے نوجوانوں کو کھیل کے بہتر مواقع میسر آئیں گے مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پاکستان کو مستقبل میں نئے باصلاحیت ہاکی کھلاڑی مل سکیں گے

Leave A Reply

Your email address will not be published.