صدر مملکت کی جنوبی کوریا کے قومی دن پر مبارکباددی ہے
اسلام آباد (پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ حکومت اور عوام کو قومی دن اور یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے۔ہفتہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور دوطرفہ و کثیرالجہتی روابط پر مبنی دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص سیاسی روابط، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط میں تعاون کو مزید وسعت دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ دونوں اقوام اور عوام کے باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جنوبی کوریا کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔