بیجنگ میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے میں مسلح افواج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین
بیجنگ( پی پی اے) بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری کمیشن برائے ڈسپلن انسپکشن اور پی ایل اے آرمی کے ڈائریکٹر سپروائزری کمیشن لیفٹیننٹ جنرل لوہوکی تھے۔ تقریب میں چین کے سینئر سول و عسکری حکام، سفارتی کور کے ارکان، مختلف سفارتخانوں کے دفاعی اتاشی، میڈیا نمائندے، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور سفارتخانے کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا جو پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے پیش کیے۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ کے دوران پاک افواج کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ فلموں کے ذریعے آفات سے نمٹنے، بین الاقوامی امن کے قیام اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔اپنے استقبالیہ کلمات میں سفارتخانہ پاکستان کے دفاعی اور آرمی اتاشی بریگیڈیئر علی اصغر خان نے ملک کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور اعزاز خان نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی، اعزاز خان اور دفاعی و آرمی اتاشی کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا جبکہ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔