ملک گیر اسکول ہاکی پروگرام، 62 اضلاع کے 881 اسکول منظور، رجسٹریشن میں 23 اگست تک توسیع
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملک گیر اسکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 62 اضلاع کے 881 اسکولوں کو پروگرام کے لیے منظور کرلیا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 23 اگست تک بڑھا دی گئی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر تمام منظور شدہ اسکولوں میں دو سے تین ہفتوں کے اندر مکمل ہاکی کٹس فراہم کردی جائیں گی۔ اس عمل میں صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور صوبائی سپورٹس بورڈز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔پی ایچ ایف کے مطابق منظور شدہ اسکولوں میں 802 سرکاری اور 79 نجی اسکول شامل ہیں، یوں سرکاری اسکولوں کا حصہ 91 فیصد بنتا ہے۔ پنجاب 620 اسکولوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ سندھ کے 143، خیبر پختونخوا کے 106، لوچستان کے 6، اسلام آباد کے 5 اور آزاد کشمیر کے ایک اسکول کو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ ضلع وار تفصیلات کے مطابق کراچی میں 118، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 115 اور راولپنڈی میں 94 اسکول منظور کیے گئے ہیں۔ رحیم یار خان میں 68، بہاولپور میں 62، جھنگ میں 53، ساہیوال میں 36، مانسہرہ میں 34، چنیوٹ میں 33 اور فیصل آباد میں 32 اسکول شامل ہیں۔ کراچی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور راولپنڈی کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر 327 اسکول ہیں، جو منظور شدہ اسکولوں کا 37.1 فیصد بنتے ہیں۔ پی ایچ ایف کے مطابق پروگرام کا مقصد ہاکی کو گراس روٹ سطح پر فروغ دینا، اسکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پاتھ وے قائم کرنا ہے۔ آئندہ مرحلے میں اضلاع اور تحصیلوں کی حتمی میپنگ، ہاکی سامان کی مرحلہ وار ترسیل، باقاعدہ سرگرمیوں اور ماہانہ رپورٹنگ کا نظام وضع کیا جائے گا، جبکہ کم کوریج والے علاقوں میں پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔