پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور اقوام متحدہ کی شراکت داری مضبوط بنانے، ترقی و انسانی ہمدردی تعاون پر زور

اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی، انسانی ہمدردی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی شراکت داری مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ و ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مضبوط بنانے میں محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے 2022ء کے سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی کوششوں اور پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اس کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک واہشات کا اظہار کیا۔ محمد یحییٰ نے وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہا اور پاکستان کے ترقیاتی و انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.