اسلام آباد میں جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ٹینس چیمپئن شپ شروع
14 ممالک کے 58 کھلاڑی شریک پاکستانی نوجوانوں کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا آغاز اسلام آباد میں ہوگیا 31 اکتوبر سے پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو میں جاری چیمپئن شپ میں 14 ممالک کے مجموعی طور پر 58 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 36 بوائز اور 22 گرلز کھلاڑی شامل ہیں ایونٹ میں روس ہانگ کانگ چائنہ تھائی لینڈ قازقستان بنگلہ دیش سری لنکا سربیا آسٹریلیا اسپین کینیڈا بیلاروس سویڈن اور پاکستان کے کھلاڑی شریک ہیں چیمپئن شپ کے انعقاد میں بارڈ فاؤنڈیشن معاونت کر رہی ہے جس کا تعاون پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن انتظامیہ نے شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے پاکستان میں یکے بعد دیگرے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے، جن میں ویمنز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو ایونٹس بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری مقابلے اور مسلسل تین جونیئر ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹس شامل ہیں انہوں نے بتایا کہ موجودہ جونیئر چیمپئن شپ کے اختتام کے بعد مینز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو فیوچرز ٹورنامنٹس بھی پاکستان میں منعقد کیے جائیں گے جس سے ملک میں بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ مزید آگے بڑھے گا اعصام الحق قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں کی پاکستان میں میزبانی سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور عالمی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔ اس طرح انہیں اپنی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک سفر کے اضافی اخراجات اور مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کا انعقاد مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار اور مستقبل کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے دریں اثنا چیمپئن شپ کے پہلے روز بوائز سنگلز کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی مقابلوں میں چین کے یوپئی لیانگ نے پاکستان کے روہان سمیر کو 6-0، 6-0 سے شکست دے دی جبکہ سربیا کے ووکاشین پاولووچ نے اسپین کے نکولس سیوانتوس کے خلاف واک اوور کے ذریعے کامیابی حاصل کی کوالیفائنگ راؤنڈ کے فائنل مرحلے میں چین کے یوپے لیانگ نے آسٹریلیا کے عدنان افضل کو 6-0، 6-1 سے ہرایا جبکہ چین کے بو ہان یانگ نے پاکستان کے معظم بابر خان کو 6-1، 6-0 سے شکست دی پاکستان کے محمد شایان نے ایم عمیر علی (کینیڈا) کے خلاف واک اوور حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے بارڈ فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ مالی معاونت اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا مین ڈرا کے مقابلے 2 نومبر کو صبح 10 بجے پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں شروع ہوں گے