جنوبی کوریا ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پی ایف ایف کا استقبالیہ ظہرانہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلوں، خیرسگالی اور بین الصوبائی تعاون کے فروغ پر زور دیا

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان فٹ بال فیڈریشن پی ایف ایف)ل نے کھیلوں کے ذریعے خیرسگالی بین الاقوامی تعاون اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بدھ کے روز جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ ظہرانے کا اہتمام کیا جنوبی کوریا کی ٹیم پاکستان ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف کے زیرِ اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود ہے اس موقع پر روایتی پاکستانی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پی ایف ایف کی قیادت کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کھیل دوست ملک ہے اور تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر سپورٹس فیڈریشنز بھی اسی جذبے کے تحت مہمان نوازی اور باہمی تعاون کی روایت کو آگے بڑھائیں گی انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی ہاکی نے دنیا کے دیگر کھیلوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے 1978ء کے ہاکی ورلڈ کپ میں بیونس آئرس میں پاکستان کی کامیابی نے ارجنٹائن کے فٹ بال کوچ سیزر لوئس مینوٹی کو جارحانہ اور پوزیشن پر مبنی حکمت عملی اپنانے کی ترغیب دی جس کے نتیجے میں ارجنٹائن نے اسی سال اپنا پہلا فیفا ورلڈ کپ جیتا. پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس نے پاکستان کو بے شمار عالمی اعزازات اور قومی ہیرو دیے ہیں انہی روایات سے رہنمائی لیتے ہوئے ہم ملک میں فٹ بال کو بھی نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں. پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ تقریب قومی کھیل ہاکی سے اظہارِ محبت کی ایک معمولی سی کاوش ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کرکے دونوں کھیلوں کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا چاہتی ہے. پی ایف ایف کے صدر کے حکومتی امور کے مشیر ایاب احمد نے اس دورے کو پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جبکہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے ایسے تبادلے جاری رہیں گے.اس موقع پر پی ایف ایف کانگریس کے رکن راجہ محمد اشتیاق اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن وسیم راجہ نے بھی مختلف کھیلوں کی قومی فیڈریشنز کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں کھیلوں کی مجموعی ترقی کو نئی جہت ملے گی

Comments (0)
Add Comment