پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم چین کے ویمن جونئیر ایشیا کپ میں شرکت کرے گی اسلام آباد میں قومی تربیتی کیمپ 18 اگست سے شروع ہوگا

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم کی چین میں ہونے والے ویمن جونئیر ایشیا کپ 2026ء میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے فیڈریشن کے اس اقدام کو ملک میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ایونٹ میں شرکت سے پاکستان کی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ایشیا کے اہم جونئیر مقابلے میں حصہ لینے اور بین الاقوامی سطح پر قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا چیمپئن شپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن 18 اگست 2026ء سے اسلام آباد میں قومی تربیتی و سلیکشن کیمپ قائم کرے گی پی ایچ ایف نے کیمپ کے لیے شفاف اور میرٹ پر مبنی سلیکشن کا جامع طریقہ کار وضع کیا ہے اسلام آباد میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی قومی گرلز انڈر 18 اور انڈر 21 چیمپئن شپ کی سرفہرست چار ٹیموں کی تمام کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا جہاں وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کوئٹہ و بلوچستان گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی ٹرائلز کے لیے مدعو کیا جائے گا جنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے پی ایچ ایف کے مطابق سلیکشن کا بنیادی مقصد ملک کے ہر خطے سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی نمائندگی کا مساوی موقع فراہم کرنا ہے۔ حتمی انتخاب کیمپ اور ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی تکنیکی مہارت، فٹنس، کھیل کی حکمت عملی نظم و ضبط اور مجموعی صلاحیت کی بنیاد پر کیا جائے گا پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ جونئیر ایشیا کپ میں پاکستان گرلز ٹیم کی شرکت خواتین کی ہاکی کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت اور جذبہ موجود ہے انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا فیڈریشن کی ترجیحات میں شامل ہے سلیکشن کا پورا عمل میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوگا تاکہ ملک کے ہر حصے سے آنے والی باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا مساوی موقع مل سکے۔ محی الدین احمد وانی نے مزید کہا کہ تربیتی کیمپ کا مقصد صرف جونئیر ایشیا کپ کے لیے ٹیم تشکیل دینا نہیں بلکہ مستقبل کی قومی ویمنز ہاکی ٹیموں کے لیے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا وسیع پول تیار کرنا بھی ہے تربیتی پروگرام کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس، جدید کوچنگ، کھیل کی حکمت عملی ویڈیو تجزیے اور بین الاقوامی معیار کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی انہوں نے کہا کہ خواتین کی ہاکی پر یہ خصوصی توجہ قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ اور جونئیر سطح کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد سامنے آئی ہے. پی ایچ ایف کے صدر کا کہنا تھا کہ مقصد صرف چین میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کرنا نہیں بلکہ اسکولز اور گراس روٹ پروگرامز سے لے کر جونئیر اور سینئر سطح تک گرلز ہاکی کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار گراس روٹ سطح پر گرلز ہاکی کے فروغ کے لیے اسکولوں کی رجسٹریشن کا اہم قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت اب تک 706 اسکولوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے. پاکستان ہاکی فیڈریشن صوبائی ایسوسی ایشنز، متعلقہ شعبہ جات کوچز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے نوجوان گرلز ہاکی ٹیلنٹ کی تلاش اور انہیں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کا عمل جاری رکھے گی پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان جونئیر گرلز ہاکی ٹیم چین میں ہونے والے جونئیر ایشیا کپ میں بہترین نظم و ضبط، عزم اور وقار کے ساتھ ملک کی نمائندگی کرے گی اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی بحالی کے لیے مضبوط بنیاد ثابت ہوگا

Comments (0)
Add Comment