پاکستان آٹھ سال بعد عالمی کپ میں انگلینڈ سے ٹکرائے گا

لاہور (پی پی اے) پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد عالمی کپ میں واپسی کرتے ہوئے ہفتہ کی رات انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹیم منیجر محمد اویس قرنی کے مطابق ایمسٹیلوین کے ویگنر سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے 2023 کے عالمی کپ میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اس بار نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم عالمی سطح پر واپسی کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ٹیم منیجر نے کہا کہ تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور پہلے میچ کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔ سکواڈ میں کپتان ابوبکر محمود اور عماد شکیل بٹ کو عالمی کپ کا سابقہ تجربہ حاصل ہے جبکہ بیشتر کھلاڑی پہلی بار بڑے ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم نے عالمی کپ سے قبل نیدرلینڈز میں جنوبی افریقہ اور جاپان کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دی جبکہ جاپان کے خلاف گرین شرٹس نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ عالمی نمبر تین انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ زیک والیس، نک بینڈورک، سیم وارڈ اور فل روپر انگلینڈ کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے ساتھ پول ڈی میں روایتی حریف بھارت اور ویلز بھی شامل ہیں، اس لیے قومی ٹیم کے لیے ابتدائی مرحلے کا ہر میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عالمی کپ میں اس بار روایتی کوارٹر فائنل فارمیٹ کے بجائے نیا کراس اوور پول نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ پاکستان عالمی کپ کی تاریخ میں چار مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکا ہے۔ قومی ٹیم نے 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment