اسلام آباد، ( پی پی اے) وفاقی حکومت نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی باکسر فاطمہ زہرا کو 20 لاکھ روپے کا نقد انعام اور تعریفی سند دے دی۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے فاطمہ زہرا کو 20 لاکھ روپے کا چیک اور تعریفی سند پیش کی۔ انہوں نے فاطمہ زہرا کی تاریخی کامیابی کو پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ فاطمہ زہرا نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز کے خواتین 60 کلوگرام باکسنگ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں باکسنگ کے میدان میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر ہیں۔ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ فاطمہ زہرا پوری قوم کے لیے فخر اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ہیں، ان کی کامیابی نے پاکستان باکسنگ اور بالخصوص خواتین کے کھیلوں کے لیے نئی امید پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ زہرا کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کی بیٹیاں عالمی کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔حکومت باصلاحیت خواتین اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت، جدید سہولیات اور بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔