اسلام آباد (پی پی اے) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی وسیم کی زیرِ صدارت صدر زون اور انڈسٹریل زون کی تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معززین علاقہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں اور کاروباری مراکز کے تحفظ، سکیورٹی اقدامات اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا، ایس پی صدر زون کاظم نقوی، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معززین علاقہ نے امن و امان، کاروباری مراکز کی سکیورٹی اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق اپنے مسائل، تجاویز اور تحفظات سے پولیس افسران کو آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز نے شرکاء کی تجاویز اور مسائل غور سے سنے اور متعلقہ افسران کو شہریوں اور تاجروں کے تحفظ، کاروباری سرگرمیوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے اور مسائل کے بروقت حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سے مسلسل رابطہ رکھنے اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تاجر برادری اور شہریوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے اور کمیونٹی پولیسنگ کو مؤثر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے تھانہ شالیمار اور تھانہ رمنا کا دورہ کیا اور فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، حوالات سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو شکایات کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے زیرِ تفتیش مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی، سابقہ ریکارڈ یافتہ، اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری، پولیس ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور تھانوں میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں اور سائلین سے خوش اخلاقی، احترام اور شائستگی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات سے تجاوز اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی میں غفلت یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔