مصنوعی ذہانت کی ترقی اور گورننس میں تقسیم سے بچنا انتہائی ضروری ہے، اسحاق ڈار

نیویارک (پی پی اے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی اور اس کی گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے، امتیازی ایجنڈے اور محدود نمائندگی پر مبنی غیر مساوی فورمز مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر مصنوعی ذہانت سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اگر مصنوعی ذہانت کی ترقی کی رفتار چند افراد یا اداروں کے ذریعے طے کی جائے اور دیگر ممالک کو پابندیوں کے ذریعے پیچھے رکھا جائے تو موجودہ عدم مساوات اور تقسیم مزید سنگین ہو سکتی ہے، جبکہ حفاظتی حکمت عملی ٹیکنالوجی سے محرومی کی حکمت عملی میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سب کے ذریعے تیار کی جائے گی، اس لیے اس کی گورننس سے متعلق فیصلے چند کمپنیوں یا چند دارالحکومتوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔ اسی لیے مصنوعی ذہانت کی ترقی اور گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی، استعمال اور اس کے وسیع تر اثرات سے متعلق تمام امور جامع انداز میں ایسے نمائندہ فورمز پر زیرغور لائے جانے چاہئیں جہاں عالمی سطح پر سب کی شرکت یقینی ہو اور یہ عمل اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے رواں سال مصنوعی ذہانت کی گورننس سے متعلق اقوام متحدہ کے پہلے عالمی مکالمے کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت سے متعلق معاملات پر جامع اور نمائندہ مشاورت ضروری ہے۔

Comments (0)
Add Comment