راولپنڈی (پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے کمرشل مارکیٹ کا دورہ کیا اور علاقے میں جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی عملے کی حاضری، صفائی کی صورتحال اور مختلف فیلڈ سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک اور مینیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار بھی ان کے ہمراہ تھے۔رانا ساجد صفدر نے افسران اور فیلڈ عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کمرشل مارکیٹ سمیت شہر کے تمام اہم کاروباری مراکز میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے اور صفائی آپریشن میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا راولپنڈی شہریوں اور کاروباری برادری کے لیے صحت مند اور بہتر ماحول کی ضمانت ہے، اس لیے صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے جمعہ کے روز شہر اور تحصیلوں کی مساجد میں اندرونی و بیرونی صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ مساجد اور ان کے اطراف چونے کا چھڑکاؤ، کوڑا کرکٹ کی صفائی اور دیگر ضروری صفائی سرگرمیاں انجام دی گئیں تاکہ نمازیوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔جمعہ کے روز انسدادِ سموگ کے سلسلے میں سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، مٹی کی سکریپنگ، دستی صفائی اور دیگر سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔ متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو شہر اور تحصیلوں میں صفائی اور انسدادِ سموگ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔دوسری جانب ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی کمیونیکیشن ٹیم نے شہر کی جامع مساجد میں خصوصی آگاہی مہم چلائی۔ ٹیموں نے نمازیوں میں صفائی، کوڑا مقررہ مقامات پر ڈالنے، انسدادِ سموگ اور ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے اور شہریوں کو صفائی مہم میں تعاون کی ترغیب دی۔کمیونیکیشن ٹیم نے ائمہ مساجد سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان سے اپیل کی کہ وہ خطبہ جمعہ اور اپنے خطاب کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کے صفائی اور آگاہی پیغام کو نمازیوں تک پہنچائیں۔ ائمہ کرام سے شہریوں کو صفائی برقرار رکھنے، کوڑا نہ پھیلانے، سموگ کے خاتمے اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینے کی درخواست کی گئی۔ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے کہا گیا کہ صفائی آپریشن کے ساتھ عوامی آگاہی کا سلسلہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کی شمولیت سے راولپنڈی کو صاف، صحت مند اور سموگ سے پاک شہر بنانے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں