اسلام آباد (پی پی اے) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے چوتھے راؤنڈ کے تیسرے روز سٹیٹ بینک نے اوجی ڈی سی ایل کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کرلی اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔ سٹیٹ بینک نے 124 رنز کا ہدف 27.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کپتان غازی غوری نے 27 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر ٹاپ اسکور کیا جبکہ 81 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد شاہد عزیز نے 23 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی نے کے آر ایل کے خلاف دوسری اننگز میں 466 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی تیسرے روز کھیل کے اختتام پر کنگز مین اکیڈمی نے تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا لیے محمد حریرہ اور کپتان طیب عارف نے نصف سنچریاں اسکور کیں اس سے قبل کے آر ایل نے دن کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز سے کیا اور محمد فائق کی شاندار سنچری کی بدولت 344 رنز بنائے۔محمد فائق نے 239 گیندوں پر 21 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی پہلی سنچری ہے کنگز مین اکیڈمی کے فاسٹ باؤلر محمد الیاس چار وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اب تک 19 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے ہیں عمران خان سٹیڈیم پشاور میں پی ٹی وی نے ایس این جی پی ایل کے خلاف فالو آن کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے 33 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔ پی ٹی وی نے محمد طحہ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 74 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا لیے محمد طحہ نے 213 گیندوں پر 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 142 رنز ناٹ آؤٹ بنائے یہ چوتھے راؤنڈ میں طحہ کی تیسری اور کیریئر کی چھٹی فرسٹ کلاس سنچری ہے پی ٹی وی کے 40 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد طحہ اور نصف سنچری بنانے والے عمار نے 165 رنز کی شراکت قائم کی پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود ایس این جی پی ایل کو فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے چوتھے راؤنڈ میں فتح درکار ہے