جکارتہ (پی پی اے) پاکستان نے فیفا آسیان کپ میں اپنے آخری میچ میں ویتنام کے خلاف بھرپور مزاحمت کی تاہم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے ساتھ قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مہم ایک پوائنٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی نولبرٹو سولانو کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کیا اور متعدد مواقع پیدا کیے پانچویں منٹ میں شائیک دوست کا ہیڈر ہدف سے باہر گیا جبکہ عبدالصمد کا شاٹ ویتنامی گول کیپر نے روک لیا پاکستان کو 31ویں منٹ میں برتری حاصل ہوئی جب محب اللہ نے ویتنامی دفاع سے گیند چھین کر شاندار انداز میں گول کیپر پیٹرک گیانگ لے کو چکما دیا اور گیند جال میں پہنچا دی پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان نے اپنی ایک گول کی برتری برقرار رکھی دوسرے ہاف کے آغاز پر سولانو نے عالمگیر غازی اور عمر نواز کو میدان میں اتارا، تاہم ویتنام نے تیزی سے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔ 50ویں منٹ میں لانگ ہائی نگوین نے گول کرکے مقابلہ برابر کیا، جبکہ سات منٹ بعد ڈک ہوانگ نگوین نے دوسرا گول کرکے ویتنام کو 2-1 کی برتری دلا دی. پاکستان نے دوبارہ واپسی کی بھرپور کوشش کی عبدالصمد شہزاد کا شاٹ بلاک ہوا جبکہ عبدالصمد خان کے کراس پر عمر نواز کا ہیڈر بھی گول میں تبدیل نہ ہوسکا 80ویں منٹ میں بیک ڈنھ نگوین نے ویتنام کی برتری 3-1 کردی، تاہم پاکستان نے ہمت نہ ہاری اور 88ویں منٹ میں علی اکبر کے شاٹ پر کلیم اللہ خان نے فیصلہ کن ٹچ دے کر گیند جال میں پہنچا دی اختتامی لمحات میں ویتنام نے چوتھا گول کرکے پاکستان کی واپسی کی امید ختم کردی۔ بیک ڈنھ نگوین کے پاس پر ہوانگ منہ ولیمز نے گیند جال میں پہنچائی اور ویتنام نے 4-2 سے کامیابی حاصل کرلی پاکستان نے اس سے قبل فلپائن کے خلاف دو گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے میچ 2-2 سے برابر کیا تھا۔ ویتنام عالمی رینکنگ میں پاکستان سے 99 درجے اوپر ہونے کے باوجود قومی ٹیم نے اسے سخت مقابلہ دیا۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر ویتنام تھائی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہا جبکہ فلپائن تیسرے نمبر پر آیا۔ پاکستان نے اپنی پہلی فیفا مقابلے کی مہم ایک پوائنٹ کے ساتھ مکمل کی