اسلام آباد (پی پی اے) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے چوتھے راؤنڈ کا اختتام کنگز مین اکیڈمی اور کے آر ایل جبکہ ایس این جی پی ایل اور پی ٹی وی کے درمیان میچز ڈرا ہونے کے ساتھ ہوگیا ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کا آغاز منگل سے اسلام آباد، راولپنڈی پشاور اور ایبٹ آباد میں ہوگا ٹورنامنٹ کے نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں شیڈول بقیہ میچز اب شعیب اختر سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے پوائنٹس ٹیبل پر سٹیٹ بینک 72 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ غنی 66 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے کنگز مین اکیڈمی 56 اوجی ڈی سی ایل 45 اور کے آر ایل 42 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں ہفتے کو کنگز مین اکیڈمی نے کے آر ایل کو 467 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں کے آر ایل کی ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بناسکی اور مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ ڈرا ہوگیا کے آر ایل کے کپتان افتخار احمد نے 109 گیندوں پر ناقابل شکست 104 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 18ویں سنچری ہے دوسرے میچ میں عمران خان سٹیڈیم پشاور میں پی ٹی وی نے ایس این جی پی ایل کے خلاف اپنی فالو آن اننگز سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 400 رنز پر ڈکلیئر کردی ایس این جی پی ایل کو فتح کے لیے 207 رنز کا ہدف ملا تاہم وقت ختم ہونے تک ٹیم 23 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بناسکی اور میچ ڈرا ہوگیا پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے پانچویں راؤنڈ میں ٹیموں کے درمیان پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر بنانے کے لیے مقابلوں کا سلسلہ منگل سے دوبارہ شروع ہوگا