سکھر (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی کھیل ہاکی کو اسکولوں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل میں کھیل کا شوق بیدار کرنے کے لیے سکھر ڈویژن کے 26 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کٹس اور کھیل کا سامان تقسیم کرنے کی تقریب آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں منعقد ہوئی اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں ہاکی کی سرگرمیوں کو بحال کرنا طلبہ کو معیاری کھیلوں کا سامان فراہم کرنا اور نچلی سطح پر نئے کھلاڑیوں کی تلاش و تربیت کو یقینی بنانا ہے تقریب میں آئی پی سی کے ایڈیشنل سیکرٹری میراں محی الدین سومرو ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان اسسٹنٹ کمشنر سکھر ماجد علی ماکو، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل پرو وائس چانسلر میر محمد شاہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے میڈیا ہیڈ محمد وقاص شیخ ڈائریکٹر اسکول شہاب الدین ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول حمیدہ جتوئی ڈی ای او ایجوکیشن غلام مرتضیٰ شاہ آئی بی اے پبلک اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر علی گوہر چانگ اور سی ایم او ایجوکیشن ثاقب صدیقی نے شرکت کی اس موقع پر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رمضان جمالی، ڈپٹی ڈی ای او ایجوکیشن جاوید قریشی ٹی او سکھر طاہر قریشی ویمن کوآرڈینیٹر فضیلہ اشرف پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نمائندوں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران متعلقہ اسکولوں کے جسمانی تربیت کے اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے
تقریب کے دوران سکھر ضلع کے 26 سے زائد رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندوں اور طلبہ میں جدید ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا اس اقدام کے ذریعے اسکولوں میں ہاکی کی سرگرمیوں کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور طلبہ کو کھیل کی جانب راغب کرنے پر توجہ دی گئی ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس پروگرام کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر قومی کھیل کو مضبوط بنانا، تعلیمی اداروں میں ہاکی کو فروغ دینا اور اسکولوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرکے انہیں مناسب تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مستقبل میں قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے متعلقہ رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندوں اور طلبہ نے تقریب میں شرکت کی اور ہاکی کٹس وصول کیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کو قومی کھیل کی بحالی اور اسکولوں میں ہاکی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے