کراچی (پی پی اے) پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی بیچ والی بال چیمپئن شپ 2026ء کے سلسلے میں ریفری کلینک، جنرل ٹیکنیکل میٹنگ اور باضابطہ ڈراز مکمل کر لیے گئے۔ چیمپئن شپ کے مقابلے 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک منوڑہ بیچ کراچی میں منعقد ہوں گے، جس میں ملک بھر سے مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شرکت کریں گی اس سلسلے میں اجلاس فیم بائٹ ریسٹورنٹ صدر کراچی میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شاہ نعیم ظفر جوائنٹ سیکریٹری شاہد مسعود، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چوہدری محمد اکرم، پنجاب والی بال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر مظہر فرید، پاکستان نیول اکیڈمی کے اسپورٹس آفیسر لیفٹیننٹ کمانڈر محمد ارسلان اور اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر سب لیفٹیننٹ محمد ثاقب جاوید سمیت ٹیم منیجرز، کوچز، ریفریز اور ٹیکنیکل آفیشلز نے شرکت کی اجلاس میں چیمپئن شپ کے انتظامات، کھیل کے قواعد و ضوابط، میچوں کے اوقات، ٹیموں کی گروپ بندی اور مقابلوں کے شیڈول کا جائزہ لیا گیا ریفری کلینک میں امپائرنگ کے طریقہ کار اور کھیل کے قواعد پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ڈراز کے ذریعے مردوں اور خواتین کے ابتدائی مقابلوں کی ترتیب طے کی گئی مردوں کے مقابلوں میں ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں نیوی بلیو، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد، گروپ بی میں نیوی وائٹ پولیس اور سندھ گروپ سی میں آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان، واپڈا اور اے ایس ایف جبکہ گروپ ڈی میں پولیس، پی او ایف بلوچستان اور پنجاب شامل ہیں خواتین کے مقابلوں میں گروپ اے میں نیوی بلیو، سندھ اور آرمی، گروپ بی میں پی او ایف، گلگت بلتستان اور پولیس، گروپ سی میں بلوچستان پنجاب اور نیوی وائٹ جبکہ گروپ ڈی میں اسلام آباد آزاد جموں و کشمیر، واپڈا اور خیبر پختونخوا کو شامل کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق دونوں ایونٹس کے ابتدائی میچز 28 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ گروپ میچز 30 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ پہلے میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا اور ہر میچ کے لیے 60 منٹ مختص کیے گئے ہیں تمام ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مقررہ میچ سے کم از کم 30 منٹ قبل میدان میں رپورٹ کریں۔ مقابلے انٹرنیشنل والی بال فیڈریشن کے قواعد کے مطابق کھیلے جائیں گے پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق چیمپئن شپ ملک میں بیچ والی بال کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں کو قومی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی فیڈریشن نے ایونٹ کے انعقاد میں تعاون پر پاکستان نیوی شریک محکموں ٹیم آفیشلز کوچز ریفریز اور ٹیکنیکل عملے کا شکریہ ادا کیا ہے