پاکستان انڈر 15 فٹبال ٹیم نے ایک ہی روز اردن اور نائیجیریا کو 1-1 سے برابر پر روکا

آذربائیجان (پی پی اے) پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں ایک ہی روز ایشیائی حریف اردن اور افریقی ٹیم نائیجیریا کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دونوں میچز 1-1 سے برابر کر دیے۔ ان نتائج کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی دو پوائنٹس حاصل کرلیے شاہینز نے دونوں مضبوط حریفوں کے خلاف عزم، حوصلے اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی خاص طور پر نمایاں رہی دن کے پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ اردن سے ہوا، جس میں کلیم اللہ نے گول کرکے شاہینز کو برتری دلائی۔ پاکستان نے اپنے ایشیائی حریف کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلے میں اپنی گرفت برقرار رکھنے کی کوشش کی، تاہم اردن نے بعد ازاں گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ پاکستانی ٹیم نے برابری کے بعد بھی حوصلہ برقرار رکھا اور میچ ڈرا کرکے پہلا پوائنٹ حاصل کیا۔ دن کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کی انڈر 15 ٹیم کا سامنا نائیجیریا سے ہوا۔ شاہینز نے اس میچ میں بھی اچھا آغاز کیا اور پہلے ہاف میں ایک گول کی برتری حاصل کرلی، تاہم نائیجیریا نے گول کے سامنے گیند پر کھلاڑیوں کی کشمکش کے دوران موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی اور مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن پاکستان نے دفاعی اور جارحانہ کھیل میں توازن برقرار رکھتے ہوئے نائیجیریا کو فیصلہ کن گول کرنے سے روکے رکھا۔ یوں یہ مقابلہ بھی 1-1 سے برابر رہا اور پاکستان کو دوسرا پوائنٹ مل گیا ایک ہی روز اردن اور نائیجیریا جیسی ٹیموں کے خلاف دو میچز برابر کھیلنا پاکستانی نوجوان فٹبالرز کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ دونوں مقابلوں میں شاہینز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ عالمی سطح پر مضبوط حریفوں کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں پاکستانی ٹیم 27 اکتوبر کو آرام کرے گی، جبکہ 28 اکتوبر کو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں دوبارہ میدان میں اترے گی.

Comments (0)
Add Comment