فائنل میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں گے، پاکستانی بیٹنگ کوچ مائیکل اسمتھ

لاہور (پی پی اے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل اسمتھ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم مشکل حالات سے نکل کر میچ جیتنے کی صلاحیت اور اعتماد حاصل کر چکی ہے سری لنکا کے خلاف شکست کو پیچھے چھوڑ کر فائنل کی تیاریوں پر توجہ مرکوز ہے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے اور ٹیم فیصلہ کن معرکے میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیکل اسمتھ نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹیم اپنی توقعات اور معیار کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی تاہم اس شکست سے قبل پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شاندار کرکٹ کھیلی اور سب سے پہلے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا انہوں نے کہا کہ ٹیم اب اس مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں اسے یقین ہے کہ وہ کسی بھی صورت حال سے مقابلہ جیت سکتی ہے اسکواڈ میں یہ اعتماد مسلسل مضبوط ہو رہا ہے بعض اوقات حالات توقعات کے مطابق نہیں ہوتے، تاہم اب توجہ آگے بڑھنے اور فائنل کے لیے بھرپور تیاری کرنے پر مرکوز ہے. پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل ہی فائنل میں جگہ پکی کر لی تھی قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے ابتدائی تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا اس دوران پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک کامیابی حاصل کی ٹورنامنٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا سلمان علی آغا نے چار میچوں میں 158 رنز بنائے جن میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری بھی شامل ہے۔ 24 سالہ حسن نواز نے 148 رنز اسکور کیے، جبکہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں ان کی 79 رنز کی اہم اننگز نے پاکستان کی 87 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا. اسی طرح شاداب خان نے اتوار 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ کے خلاف یادگار سنچری اسکور کی اور پاکستان کی ایک وکٹ سے سنسنی خیز کامیابی میں اہم کردار ادا کیا مائیکل اسمتھ نے بیٹنگ یونٹ کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی کے باوجود اپنی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے مسلسل محنت کرنا ہوگی ان کے مطابق شکست کے بعد مایوسی اور جذباتی کیفیت فطری ہے، لیکن ٹیم کے پاس اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے اور فائنل سے قبل دو اچھے دن تیاری کے لیے موجود ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی اسکواڈ کا ہر کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹیم کی کامیابی صرف ایک یا دو کھلاڑیوں پر منحصر نہیں، بلکہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں کو مل کر بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی فائنل میں بھی اجتماعی کوشش ہی ٹیم کی سب سے بڑی طاقت ہوگی. پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل ہفتہ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا مائیکل اسمتھ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے فائنل خود ہی بڑی تحریک ہوتا ہے اس لیے کوچنگ اسٹاف کی بنیادی ذمہ داری انہیں بہترین تیاری واضح حکمت عملی اور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتارنا ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کی جانب سے ملنے والی بھرپور حمایت کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ فائنل میں اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوگا.ان کا کہنا تھا کہ شائقین کا جوش و خروش شور اور کھیل سے محبت اس موقع کو یادگار بنائے گی کھلاڑی بھی اس ماحول سے لطف اندوز ہوں گے اور کوشش کریں گے کہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کھیل پیش کرکے قوم کو خوشی کا موقع فراہم کریں.

Comments (0)
Add Comment