کراچی (پی پی اے) پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑی مصطفیٰ عرفان نے سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ایشین جونیئر سپر سیریز کے انڈر 19 مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی مصطفیٰ عرفان نے کوارٹر فائنل میں سنگاپور کے کھلاڑی ایتھن کوان کو 3-0 سے شکست دی۔ ایتھن کوان ٹورنامنٹ کے نمبر تین سیڈ کھلاڑی تھے۔ پاکستانی کھلاڑی نے عمدہ کھیل، مہارت اور بھرپور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یک طرفہ کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنائی۔مصطفیٰ عرفان اب سیمی فائنل میں ملائیشیا کے نمبر دو سیڈ کھلاڑی کاویشن کے مدمقابل ہوں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ مقابلہ سخت اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے، کیونکہ ملائیشین کھلاڑی کا شمار ایشیا کے نمایاں انڈر 19 کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔مصطفیٰ عرفان کی اس کامیابی کو پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ شائقین کو امید ہے کہ وہ سیمی فائنل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔