عابدہ بتول عالمی باکسنگ چیمپئن بن گئیں، پاکستان کی تاریخ میں نیا باب رقم

تھائی لینڈ (پی پی اے) پاکستان کی 26 سالہ خاتون باکسر عابدہ بتول نے تھائی لینڈ میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (WIBA) کا عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ وہ یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔عابدہ بتول نے 31 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں منعقدہ بریو بارٹس باکسنگ مقابلے میں مقامی باکسر وانڈی سینونگ کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آٹھ راؤنڈز پر مشتمل یہ مقابلہ پانچویں راؤنڈ میں اس وقت روک دیا گیا جب دونوں باکسرز کے سروں کے ٹکرانے سے عابدہ بتول کی ناک میں فریکچر ہو گیا۔ رنگ سائیڈ ڈاکٹر کی جانب سے مقابلہ روکنے کے بعد ججز کے اسکور کارڈز کی بنیاد پر فیصلہ سنایا گیا، جس میں دو ججز نے پاکستانی باکسر کے حق میں جبکہ ایک جج نے ان کی حریف کے حق میں فیصلہ دیا۔ اس طرح عابدہ بتول نے اسپلٹ ٹیکنیکل فیصلے کے ذریعے عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔عابدہ بتول کا عالمی اعزاز تک پہنچنے کا سفر مشکلات سے بھرپور رہا۔ انہوں نے 2018 میں باکسنگ شروع کی تو انہیں مالی مسائل اور اہل خانہ کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ اس سے قبل پاکستان کا قومی پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں جبکہ مکسڈ مارشل آرٹس، ووشو اور کک باکسنگ کے مقابلوں میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔رواں سال جنوری میں عابدہ بتول نے ڈبلیو بی اے ایشیا ایٹم ویٹ ٹائٹل کے لیے بھی مقابلہ کیا تھا، تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد انہوں نے اپنے اہل خانہ، کوچ شارق خان، اسپانسرز اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔عابدہ بتول کی یہ کامیابی پاکستان میں خواتین کی باکسنگ کے فروغ کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جبکہ بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ کی نوجوان لڑکیوں کے لیے بھی یہ کامیابی کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے اور ملک کا نام روشن کرنے کا حوصلہ بنے گی۔

Comments (0)
Add Comment