کراچی(پی پی اے) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اکتوبر 2026 میں سالانہ مہنگائی کی شرح اکتوبر 2025 کے مقابلے میں 10.3 فیصد سے کم ہوکر 9.6 فیصد پر آنا خوش آئند ہے، تاہم ستمبر 2026 کے مقابلے میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں مزید 1.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اوسط مہنگائی 10.05 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ شرح 4.79 فیصد تھی۔ آٹے، پیٹرولیم اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ محدود آمدنی والے گھرانوں کی قوت خرید پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ اکتوبر 2025 میں قیمتیں ایک ماہ کے دوران 1.7 فیصد بڑھی تھیں، جبکہ اکتوبر 2026 میں یہ اضافہ 1.1 فیصد رہا۔ اسی فرق کی وجہ سے اکتوبر 2026 میں سالانہ شرح کم ہوئی ہے، جبکہ قیمتیں ستمبر 2026 کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک اور توانائی کےعلاوہ بنیادی مہنگائی بھی شہری علاقوں میں 8.6 سے 7.8 فیصد اور دیہی علاقوں میں 8.1 سے 7.1 فیصد پر آگئی ہے۔ تاہم دوسری طرف ضروری اشیا کی قیمتوں کا حساس اشاریہ سالانہ بنیاد پر 8.4 سے بڑھ کر 8.7 فیصد ہوگیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ غیر غذائی اشیا میں ٹھہراؤ کے باوجود کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی بنیادی چیزیں مسلسل مہنگی ہو رہی ہیں، جس سے تنخواہ دار اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ خوراک اور مشروبات کی قیمتیں ایک ماہ میں 2.26 فیصد بڑھی ہیں اور مجموعی ماہانہ مہنگائی میں تقریباً تین چوتھائی حصہ اسی گروپ کا ہے۔ آٹا دیہی علاقوں میں 9.41 فیصد اور شہروں میں 7.54 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ مرغی کی قیمت دیہی علاقوں میں 16.91 فیصد اور شہروں میں 19.38 فیصد بڑھی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ماہانہ مہنگائی 1.5 فیصد اور شہروں کی 0.8 فیصد ہے۔ دیہی گھرانوں کے اخراجات میں خوراک کا حصہ زیادہ ہونے کی وجہ سے آٹے اور دوسری غذائی اشیا کی مہنگائی ان کے بجٹ کو زیادہ متاثر کرتی ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ ہول سیل کی قیمتوں میں ماہانہ اضافہ 1.9 فیصد سے کم ہوکر 0.9 فیصد رہا، تاہم سالانہ ہول سیل مہنگائی 13.3 سے بڑھ کر 13.8 فیصد ہوگئی۔ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں تھوک سطح پر فرنس آئل 74.55 فیصد، ڈیزل 55.45 فیصد اور گندم 39.72 فیصد مہنگی ہویی، جبکہ صارفین کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں قیمتیں 28.61 فیصد زیادہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگا ایندھن کارخانوں تک خام مال لانے اور تیار مال منڈیوں تک پہنچانے کی لاگت بڑھاتا ہے۔ یہ دباؤ بالخصوص چھوٹے کاروباروں کے لیے مشکلات کا باعث ہے، جن کے پاس بڑھتے اخراجات برداشت کرنے کی گنجائش محدود ہوتی ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پیٹرولیم اور امپورٹڈ اشیاء کی قیمتوں کا دباؤ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ امریکہ۔ایران تنازع سے آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ تیل اور گیس گزرتی ہے، متاثر ہوئی ہے اور برینٹ خام تیل 117 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کا اثر پاکستان سمیت تمام درآمدی ممالک پر مہنگی توانائی کی صورت میں پڑ رہا ہے، جبکہ خلیجی معیشتوں کی سست روی سے پاکستانی ترسیلاتِ زر کو بھی خطرہ ہے۔ حکومت نے اس دباؤ کو کم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں، تاہم ان کا دائرہ مزید بڑھا کر عوام اور صنعت کو زیادہ ریلیف دیا جاسکتا ہے۔میاں زاہد حسین نے حکومت پر زور دیا کہ گندم کے دستیاب ذخائر اور منڈیوں کو گندم کی فراہمی کے اعدادوشمار ان لائن جاری کیے جائیں، ذخیرہ روزی پر کڑی نگاہ رکھی جائے اورآٹے کی قیمت اور دستیابی کی ضلع وار نگرانی کی جائے اور جہاں رسد کم ہو وہاں بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے کنٹرول کے لیے اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں آدھا فیصد اضافہ کیا ہے تاہم مہنگی شرح سود ایک طرف ڈیمانڈ کو روکتی ہے تو دوسری طرف کاروباری لاگت میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ قیمتوں میں پائیدار استحکام کے لیے خوراک کی ذخیرہ اندوزی روکنا اور ترسیل بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ توانائی کی لاگت کم کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کی حالت بہتر ہو اور صنعتوں کا پیداواری پہیہ رواں رہے۔