اسلام آباد (پی پی اے) سری لنکا نے پی سی بی پیٹرنز الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ 142 رنز سے جیت لیا اسلام آباد کلب میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے اور آخری روز پی سی بی پیٹرنز الیون 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے طیب عارف 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عبداللہ فضل نے 21 رنز بنائے۔ سری لنکا کے کیسارا نوونتھا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشان ملنگا تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے اس سے قبل سری لنکا نے کھیل کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز 121 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ملان رتنائیکے 40 انجلا بندارا 34 اور کیسارا نوونتھا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے پی سی بی پیٹرنز الیون کی جانب سے شعیب اختر جونیئر اور عبید شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا