ملتان (پی پی اے) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام قلعہ قاسم باغ ملتان میں جاری ستائیسویں سید خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے پانچویں روز کھیلے گئے میچز میں جی ایف ڈسکو اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کامیابی حاصل کرلی۔ جی ایف ڈسکو نے پولیس کو 7-0 جبکہ ایچ ای سی نے بلوچستان کو 12-0 رنز سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی حیدر عثمان اٹھنگل، ڈائریکٹر ایچ آر ایم میپکو و سیکرٹری اسپورٹس میپکو تھے۔ ان کے ہمراہ میڈم رضیہ سلطانہ سپورٹس آفیسر میپکو ملتان آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران، سیکرٹری فیڈریشن طاہر محمود، میجر سرفراز اور ظفر شیروانی بھی موجود تھے۔ ٹیکنیکل اسٹاف میں ظفر حسین وڑائچ، ساجد رشید، زوہیب ملک، طارق پاشا، زبیر وٹو اور پرویز شیخ سمیت دیگر آفیشلز شامل تھے مہمان خصوصی حیدر عثمان اٹھنگل نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ بیس بال پاکستان میں کھیلا جانے والا ایک مقبول کھیل ہے۔ ملتان میں نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بیس بال نے کئی ایسے کھلاڑی پیدا کیے ہیں جنہوں نے اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے منتظمین کو ملتان میں شاندار چیمپئن شپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور تمام کھلاڑیوں و آفیشلز کو ملتان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ ٹورنامنٹ خوشگوار ماحول میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگا اور تمام کھلاڑی یہاں سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے پانچویں روز پہلے میچ میں جی ایف ڈسکو نے پولیس کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 7 رنز اسکور کیے۔ جی ایف ڈسکو کی جانب سے عبداللہ نے دو جبکہ اعتشام، وسیم منان، وسیم خان اور عامر علی نے ایک، ایک رن بنایا۔ جواب میں پولیس کی ٹیم کوئی رن اسکور نہ کرسکی اور اسے صفر کے مقابلے میں سات رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا دوسرے میچ میں ایچ ای سی نے بلوچستان کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں 12-0 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ایچ ای سی کی جانب سے اکرام نے تین، فضل اور ریحان نے دو، دو جبکہ ماز، رزاق، وقاص اور سلمان علی نے ایک، ایک رن اسکور کیا۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم کوئی رن بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے، جن میں کامیاب ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔