اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی قومی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026 تک ایک ہفتے کے دورے پر پاکستان آئیں گی ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دورے کی باضابطہ تصدیق موصول ہوگئ ہے تفصیلات کے مطابق دونوں ایرانی ٹیمیں دورے کے دوران اسلام آباد میں قیام کریں گی اور پاکستانی مینز اور ویمنز ٹیموں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی اس کے علاوہ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کا تجربہ فراہم کرنا اور ان کی مسابقتی تیاریوں کو مزید بہتر بنانا ہے مشترکہ تربیتی سیشنز اور پریکٹس میچز کے ذریعے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو تکنیکی مہارتوں کے تبادلے، اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے اور ایک دوسرے کے کھیل کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلوں کے بڑھتے ہوئے روابط اور ملک میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی مینز اور ویمنز ٹیموں کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں ان کی میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی دورے پی ایچ ایف کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں، جن کا مقصد باقاعدہ بین الاقوامی ہاکی کا فروغ علاقائی سطح پر کھیلوں کے تعاون کو مستحکم کرنا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے محی الدین احمد وانی کے مطابق اس دورے میں بالخصوص خواتین ہاکی کھلاڑیوں کے لیے آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں ہاکی کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر قومی کھلاڑیوں کی تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے ایسے مقابلوں اور سرگرمیوں کے انعقاد کو جاری رکھے گی