اسلام آباد (پی پی اے) قائداعظم ٹرافی گولڈ کے پانچویں راؤنڈ کے پہلے روز دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے، جہاں فاٹا کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصل آباد کے خلاف 43 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ اس کارکردگی کے بعد ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 26 ہوگئی۔پانچویں راؤنڈ کے میچ میں فیصل آباد کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں فاٹا کی ٹیم بھی 176 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فاٹا کی جانب سے محمد فاروق نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ فیصل آباد کی جانب سے فہیم اشرف 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ایک دوسرے مقابلے میں لاہور وائٹس کی ٹیم ابرار احمد اور میر حمزہ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پہلی اننگز میں 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی ابرار احمد نے پانچ جبکہ میر حمزہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کراچی بلوز نے بغیر کسی نقصان کے 132 رنز بنا لیے۔ عبداللہ فضل اور محمد طحہٰ نے نصف سنچریاں اسکور کیں ادھر اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے روز سات وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنالیے۔ راجہ حمزہ وحید نے 73 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ پشاور بلوز کی جانب سے نیاز خان نے چار وکٹیں حاصل کیں وہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 30 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں ایک اور مقابلے میں ملتان کی ٹیم پہلی اننگز میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں پشاور بلوز نے کھیل کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لیے۔ پشاور بلوز کی جانب سے اسرار اللہ اور نبی گل نے نصف سنچریاں اسکور کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا.پانچویں راؤنڈ کے پہلے روز بولرز کی شاندار کارکردگی کے ساتھ بیٹرز نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ آئندہ روز کے کھیل میں مقابلوں کے مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے