کراچی میں 14 سال بعد سندھ پولیس گیمز 2026 کا شاندار آغاز

کراچی (پی پی اے) کراچی میں چار روزہ سندھ پولیس گیمز 2026 کا شاندار افتتاح ہوگیا۔ افتتاحی تقریب گارڈن ہیڈ کوارٹر کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ مقابلے 25 سے 28 نومبر تک کراچی کے 13 مختلف مقامات پر جاری رہیں گے جن میں سندھ پولیس کی 12 ٹیموں کے 1547 کھلاڑی 19 مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ پولیس گیمز کے انعقاد کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا، کیونکہ کھیل کے میدان نوجوانوں کو غیر صحت مند سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گارڈن ہیڈ کوارٹر کا میدان تاریخی اہمیت کا حامل ہے، جہاں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے انہوں نے اعلان کیا کہ کاروباری شخصیات کے تعاون سے گارڈن ہیڈ کوارٹر کے میدان میں جلد فلڈ لائٹس نصب کی جائیں گی جبکہ ایک سال کے اندر ایتھلیٹس کو جدید ٹارٹن ٹریک کی سہولت بھی فراہم کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ کراچی کے ضلع غربی میں کھیلوں کے میدانوں پر نشے کے عادی افراد قابض ہیں، جنہیں واگزار کرانے کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا ضروری ہیں تاکہ نوجوانوں کو منفی اور غیر صحت مند سرگرمیوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ضیاء الحسن لنجار نے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کو ہدایت کی کہ سندھ پولیس گیمز میں شریک تمام کوچز اور فاتح ٹیم کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کے انتظامات کیے جائیں.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت گارڈن ہیڈ کوارٹر میں باکسنگ ارینا اور پیڈل کورٹ قائم کیے جاچکے ہیں جبکہ جلد مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے 14 سال بعد سندھ پولیس گیمز کا انعقاد ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رہنا انتہائی ضروری ہے۔ سندھ پولیس صوبے میں مستقل امن کے قیام کے ساتھ صحت مند اور توانا فورس کی تشکیل کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ و ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی سرپرستی اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی نگرانی میں پولیس اہلکاروں کو کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ گزشتہ سال سندھ پولیس کی ٹیموں نے فٹبال، ہاکی، باڈی بلڈنگ سمیت مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور امید ہے کہ جوان اس بار بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے.انہوں نے بتایا کہ 25 سے 28 نومبر تک جاری رہنے والے چار روزہ سندھ پولیس گیمز میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، میرپورخاص، کراچی، ٹریننگ برانچ، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی ایس ایس یو آپریشنز اور سی پی او سمیت مختلف شعبوں کی 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ مجموعی طور پر 1547 کھلاڑی 19 کھیلوں میں حصہ لیں گے جبکہ 180 آفیشلز اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ مقابلوں کے اختتام پر کھلاڑیوں میں 562 میڈلز اور 41 ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی.مقابلوں میں ایتھلیٹکس بینڈ مقابلے باکسنگ کرکٹ فٹبال، ہاف میراتھن، ہینڈ بال ہاکی جوڈو کراٹے نیٹ بال شوٹنگ شوٹنگ والی بال بیڈمنٹن ٹگ آف وار، والی بال اور پیڈل سمیت مختلف کھیل شامل ہیں۔ یہ مقابلے پولیس ہیڈ کوارٹرز، سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد، کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم، این ای ڈی یونیورسٹی کے سی سی اے گراؤنڈ، کے ایچ اے گراؤنڈ، گلشن اقبال چوکنڈی ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز وائی ایم سی اے گراؤنڈ اور پی ایس بی کوچنگ سینٹر سمیت کراچی کے 13 مقامات پر منعقد ہوں گے.افتتاحی تقریب میں سندھ پولیس کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اعلیٰ افسران، سابق قومی کرکٹ کپتان معین خان، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد ساؤتھ ایشین گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ نسیم حمید، صدارتی ایوارڈ یافتہ ایتھلیٹ کوچ محمد طالب، چیئرمین آباد حنیف گوہر سمیت شہر کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر سندھ پولیس کے انٹرنیشنل ایتھلیٹ مقبول احمد ارائیں نے کھلاڑیوں سے کھیلوں کے قواعد و ضوابط اور کھیلوں کے جذبے کو برقرار رکھنے کا حلف لیا۔ بعد ازاں انٹرنیشنل باڈی بلڈرز حمزہ احمد اور اطہر جان ہاکی کھلاڑی فہیم اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر مجتبیٰ حسن مغل سمیت ارشد اعجاز کے ہمراہ روایتی مشعل روشن کی گئی تقریب کے اختتام پر شریک ٹیموں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ آتش بازی کے مظاہرے نے افتتاحی تقریب کو یادگار بنا دیا۔ سندھ پولیس گیمز کے انعقاد کو پولیس اہلکاروں میں کھیلوں کے فروغ جسمانی فٹنس اور ٹیم ورک کے جذبے کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے.

Comments (0)
Add Comment