سلطان اذلان شاہ کپ: پاکستان چوتھی پوزیشن پر، جنوبی کوریا نے برانز میڈل جیت لیا

2024 کی سلور میڈلسٹ قومی ٹیم 2026 میں کوئی تمغہ حاصل نہ کرسکی، ملائیشیا کے خلاف ڈرا فائنل کی راہ میں رکاوٹ بن گیا

ملائیشیا (پی پی اے) ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں منعقدہ 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مہم چوتھی پوزیشن پر اختتام پذیر ہوگئی برانز میڈل کے لیے کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو 0-3 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا ایونٹ میں آسٹریلیا نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتا میزبان ملائیشیا دوسرے نمبر پر رہا جبکہ جنوبی کوریا نے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا پاکستان چوتھے نمبر پر رہا اور یوں قومی ٹیم ایونٹ میں کوئی تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہی پاکستان نے 2024 کے سلطان اذلان شاہ کپ میں رنرز اپ رہتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا تھا تاہم دو سال بعد قومی ٹیم اپنی سابقہ کارکردگی دہرانے میں کامیاب نہ ہوسکی پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تیسری پوزیشن کے میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا کے پارک گن وو نے 35ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کم جن کیونگ نے 44ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا۔ پارک گن وو نے 47ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے جنوبی کوریا کی کامیابی یقینی بنا دی اس شکست کے ساتھ پاکستان کو تقریباً چار سال بعد جنوبی کوریا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اس سے قبل قومی ٹیم آخری مرتبہ 5 نومبر 2022 کو سلطان اذلان شاہ کپ میں جنوبی کوریا سے 1-2 گول سے ہاری تھی دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ ایونٹ کے لیگ میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 3-2 گول سے شکست دی تھی تاہم برانز میڈل کے مقابلے میں قومی ٹیم اپنی سابقہ کارکردگی برقرار نہ رکھ سکی واضح رہے کہ پاکستان نے 2024 کے سلطان اذلان شاہ کپ کے فائنل میں جاپان کے خلاف مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر کیا تھا تاہم پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 1-4 سے شکست کے باعث سلور میڈل حاصل کیا تھا اس وقت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد تھے سلطان اذلان شاہ کپ 2026 کے لیگ مرحلے میں پاکستان نے امریکہ کینیڈا اور جنوبی کوریا کو شکست دی آسٹریلیا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کیا جبکہ میزبان ملائیشیا کے خلاف مقابلہ 5-5 گول سے برابر رہا پاکستان اور ملائیشیا دونوں نے 10 10 پوائنٹس حاصل کیے، تاہم بہتر گول فرق کی بنیاد پر ملائیشیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ملائیشیا کے خلاف اہم میچ میں پاکستان نے متعدد مرتبہ برتری حاصل کی لیکن آخری لمحات میں میزبان ٹیم نے مقابلہ برابر کردیا اس ڈرا کے باعث پاکستان فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکا اور بعد ازاں جنوبی کوریا کے خلاف برانز میڈل کا میچ بھی ہار گیا قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے دفاعی لائن گول کیپنگ اور آخری کوارٹر میں برتری برقرار رکھنے کے شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت اجاگر ہوئی ہے پاکستان کے لیے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں ان خامیوں پر قابو پانا اہم ہوگا خصوصاً لاہور میں 19 سے 28 فروری 2027 تک شیڈول ایف آئی ایچ مینز ہاکی نیشنز کپ کی میزبانی قومی ٹیم کے لیے ایک اہم امتحان ثابت ہوگی

Comments (0)
Add Comment