اسلام آباد (پی پی اے) قاضی فاؤنڈیشن کے تعاون سے 15 ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم پر مشتمل مینز ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ لیگ ون کا آغاز کل 29 نومبر پاکستان ٹینس فیڈریشن پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں ہوگا، ایونٹ میں 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے 65 غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت پاکستان کے 24 کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے
ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈز بھی کل سے شروع ہوں گے جن میں 64 کھلاڑی حصہ لیں گے یہ پاکستان کی ٹینس تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا کوالیفائنگ ڈرا ہے، جسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے بین الاقوامی پروفیشنل ٹینس مقابلوں میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے کھلاڑی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں چیمپئن شپ میں پاکستان کے 24 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں ملک کے نامور ٹینس کھلاڑی عقیل خان محمد شعیب مزمل مرتضیٰ برکت اللہ یوسف خلیل احمد نائل قریشی ابوبکر طلحہ نادر مرزا حمزہ رومان اور عامر مزاری سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں ایونٹ میں 32 ممالک کے 65 غیر ملکی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق ترکی جمہوریہ چیک سعودی عرب ایسٹونیا سربیا روس کویت پولینڈ ازبکستان آئرلینڈ برطانیہ ملائیشیا زمبابوے اردن نیپال کینیڈا یونان کروشیا قازقستان امریکہ ہانگ کانگ فرانس جاپان چین گھانا شام لبنان جرمنی برازیل آسٹریلیا، اٹلی اور ایران سے ہے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں پروفیشنل ٹینس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو کامیاب ویمنز فیوچرز ٹورنامنٹس بلی جین کنگ کپ اور چار ورلڈ ٹینس جونیئر ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد پی ٹی ایف اسلام آباد میں مسلسل دو مینز فیوچرز ٹورنامنٹس منعقد کر رہی ہے۔ پہلے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 15 ہزار جبکہ دوسرے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 25 ہزار امریکی ڈالر ہوگی
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی پروفیشنل ٹینس مقابلوں کا انعقاد قومی کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے ملک میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے عالمی رینکنگ بہتر بنانے اور اپنے پروفیشنل کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی، جبکہ بیرون ملک سفر کے اضافی اخراجات سے بھی بچت ہوگی عاصم الحق قریشی کا کہنا تھا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کے لیے محفوظ پُرامن، مہمان نواز اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کے ٹائٹل اسپانسر قاضی فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ معاونت اور تعاون پاکستان میں پروفیشنل ٹینس کے فروغ اور قومی کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا قاضی فاؤنڈیشن گزشتہ 24 سال سے پاکستان میں سائنس ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کی تعلیم، تعلیمی معاونت اور نوجوانوں کی ترقی کے مختلف منصوبوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے فاؤنڈیشن کا مقصد تعلیم تک رسائی کو وسعت دینا اور نوجوان نسل کے لیے دیرپا مواقع پیدا کرنا ہے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ریٹائرڈ) نے بھی تمام شریک کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رہی ہے اور کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا