عالمی یوم سیاحت کل منایا جائے گا، پاکستان کے قدرتی و ثقافتی حسن کو اجاگر کیا جائے گا
اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم سیاحت کل 27 ستمبر کو منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیاحت سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور آگاہی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی، ثقافتی فروغ اور معاشرتی بہبود میں سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور تاریخی اثاثوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دارانہ اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ملک کے مختلف حصوں میں سرکاری و نجی شعبے کی جانب سے منعقد ہونے والی سرگرمیوں میں سیاحتی آگاہی، مقامی کمیونٹیز کی شمولیت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، ماحولیاتی ذمہ داری اور ملکی سیاحت کے فروغ کو اجاگر کیا جائے گا۔ نیشنل کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی کاروباروں کی معاونت اور علاقائی ترقی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے بہتر سیاحتی بنیادی ڈھانچہ، معیاری خدمات، نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور ذمہ دارانہ سیاحتی طریقہ کار ضروری ہیں۔ سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ سیاحت بالخصوص نوجوانوں، خواتین اور سیاحتی مقامات پر آباد مقامی کمیونٹیز کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسابقتی، جامع اور پائیدار سیاحتی صنعت کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی و علاقائی سیاحتی اداروں، نجی شعبے اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ضروری ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ پاکستان کے متنوع قدرتی مناظر، ثقافتی ورثہ، مہم جوئی کے مواقع، مذہبی مقامات اور روایتی مہمان نوازی سیاحت کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سیاحتی مقامات کے فروغ، استعداد کار میں اضافے، سیاحتی معیار کی بہتری اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے قومی مرکزِ امتیاز برائے سیاحت کے طور پر بدلتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا، جو قومی سطح پر رابطہ کاری، تحقیق، استعداد کار میں اضافے، معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اپنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ پی ٹی ڈی سی قومی و بین الاقوامی سیاحتی تقریبات اور نمائشوں کے فروغ و سہولت کاری، ’برانڈ پاکستان‘ کو مضبوط بنانے، سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کو مسابقتی، پائیدار اور ذمہ دار سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے اقدامات کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔ملک بھر میں عالمی یوم سیاحت کی سرگرمیاں اس پیغام کو مزید اجاگر کریں گی کہ سیاحت کی ترقی کے ساتھ معاشی مواقع پیدا کرنا اور ملک کے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے اور مقامی روایات کا تحفظ بھی ناگزیر ہے.