پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستانی مینز اسکواش ٹیم کی ایشین چیمپئن شپ میں فاتحانہ شروعات

اسلام آباد (پی پی اے) 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے پہلے روز پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو تین صفر سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا چیمپئن شپ کے پہلے روز ہانگ کانگ چائنہ کی مینز اور ویمنز ٹیموں جبکہ ملائیشیا کی ویمنز ٹیم نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی. اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے پہلے روز پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کھیلے گئے مینز مقابلے میں پاکستان کے نور زمان نے پہلے میچ میں محمد مصطفیٰ عبدالرخمانوف کو 11-2، 11-2 اور 11-4 سے شکست دی دوسرے میچ میں محمد عاصم خان نے یخیوخون نظیروف کو 11-3، 11-4 اور 11-2 سے ہرایا، جبکہ تیسرے میچ میں ناصر اقبال نے بوترجون انورجونوف کو 11-6، 11-5 اور 11-6 سے زیر کرکے پاکستان کو تین صفر سے کامیابی دلائی پہلے روز ویمنز مقابلوں میں ہانگ کانگ چائنہ نے کوریا کو دو ایک سے شکست دی جبکہ ملائیشیا کی ویمنز ٹیم نے ایران کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ مینز مقابلوں میں ہانگ کانگ چائنہ نے ایران کو تین صفر سے ہرایا چیمپئن شپ کے دوسرے روز 4 نومبر کو پاکستان کی مینز اور ویمنز دونوں ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ شیڈول کے مطابق صبح 10 بجے ویمنز مقابلے میں کوریا اور ایران، دوپہر 12 بجے مینز مقابلے میں ہانگ کانگ چائنہ اور ملائیشیا آمنے سامنے ہوں گے۔ دوپہر 2 بجے پاکستان کی ویمنز ٹیم کا مقابلہ ہانگ کانگ چائنہ سے ہوگا، جبکہ شام 4 بجے پاکستان کی مینز ٹیم کوریا کے خلاف میدان میں اترے گی پاکستانی ٹیمیں دوسرے روز بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.