پاکستان مینز اسکواش ٹیم ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی
نور زمان اور عاصم خان کی فتوحات، ہانگ کانگ چائنہ کو شکست جنوبی کوریا سے ٹائٹل مقابلہ آج ہوگا
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی میزبان پاکستان نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ چائنہ کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی پاکستان کی جانب سے نور زمان اور محمد عاصم خان نے اپنے اپنے میچز جیت کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے پہلے میچ میں نور زمان نے ہانگ کانگ چائنہ کے لاؤ تز کوان کو 5-11، 11-5، 11-5 اور 11-8 سے شکست دی دوسرے میچ میں محمد عاصم خان نے وونگ چی ہیم کو 11-4، 6-11، 11-7 اور 11-3 سے ہرا کر پاکستان کی فائنل میں رسائی یقینی بنائی دونوں میچز میں کامیابی کے بعد تیسرا مقابلہ کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی جبکہ محمد اشعب عرفان اور لائی چیک نام میتھیو کے درمیان میچ نہیں کھیلا گیا چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا اس طرح اب ٹائٹل کے حصول کے لیے پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ویمنز ٹیم ایونٹ میں پاکستان کو ایران کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا پاکستان کی جانب سے ماہنور علی نے ایران کی باران محمدپور کو شکست دے کر ایک کامیابی حاصل کی جبکہ ثنا بہادر اور حریش علی اپنے مقابلے ہار گئیں۔ دوسرے ویمنز سیمی فائنل میں ملائیشیا نے کوریا کو 3-0 سے شکست دی
دریں اثنا مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں ایشین اسکواش فیڈریشن کی ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے ایوارڈ یافتگان میں اسناد تقسیم کیں پاکستان کے کوچ فہیم گل کو 2025 کے لیے ایشین کوچ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ہانگ کانگ چائنہ کے پیٹر جینوور بھی اس اعزاز کے مشترکہ حقدار قرار پائے چیمپئن شپ کے آخری روز 7 نومبر کو ویمنز ٹیم کے مقابلوں میں پاکستان کا جنوبی کوریا سے صبح 11 بجے مقابلہ ہوگا جبکہ اسی وقت ہانگ کانگ چائنہ اور ملائیشیا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی مینز ٹیم کا فائنل پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سہ پہر 3 بجے مصحف اسکواش کمپلیکس کے گلاس کورٹ میں کھیلا جائے گا قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر 16ویں ایشین ٹائٹل کے حصول کے لیے پرعزم ہے