فلپائن کے سفیر کی پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد.پاکستان اور فلپائن کے تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، سفیر ایمانوئل فرنانڈیز
اسلام آباد (پی پی اے)
پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی اقتصادی خوشحالی کے حصول کے لیے پاکستان کی مسلسل اور پُرعزم کوششوں کو سراہا ہے
اسلام آباد میں فلپائن کے سفارتخانے نے میزبان ملک کے ساتھ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے اپنے دفاتر دن بھر کے لیے باضابطہ طور پر بند رکھے سفیر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہیں اور تجارت عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر مشتمل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت 3,500 سے زائد فلپائنی باشندوں اور کارکنوں کی متحرک کمیونٹی کا میزبان ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کا مظاہرہ جون 2026 میں بھی دیکھنے میں آیا جب پاکستانی قیادت نے فلپائن کے 128ویں یوم آزادی کے موقع پر اسی طرح دلی مبارکباد پیش کی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک قومی شناخت ثقافتی ورثے اور عام شہریوں کی امن وقار اور بہتر مواقع کی خواہشات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ان مشترکہ تجربات نے باہمی احترام اور خیرسگالی کو فروغ دینے میں مدد دی ہے، جو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے فلپائن اور پاکستان کے تعلقات کی نمایاں خصوصیت ہے خودمختاری کے گہرے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر ایمانوئل فرنانڈیز نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے معاشرتی اقدار سے مسلسل وابستگی ضروری ہے۔ تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آزادی صرف خودمختاری کے دفاع سے برقرار نہیں رہتی بلکہ ان اقدار سے وابستگی کے ذریعے قائم رہتی ہے جو آزادی کو حقیقی معنی عطا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے اس وقت ترقی کرتے ہیں جب وہ ہر فرد کے وقار کا احترام کرتے، انصاف اور قانون کے سامنے مساوات کو برقرار رکھتے اور دوسروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمدردی احساس اور فکر کو فروغ دیتے ہیں