پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

قومی ہاکی کی بحالی کے لیے 5 سالہ جامع منصوبہ تیار

اسلام آباد(پی پی اے) صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کو وقت گزرنے کے ساتھ عارضی فیصلوں اور تجربات کی نذر نہیں کیا جا سکتا اب وقت آ گیا ہے کہ قومی کھیل کی بحالی کے لیے 3 سے 5 سالہ پائیدار اور طویل المدتی حکمت عملی اختیار کی جائے انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح صرف ایک ٹورنامنٹ جیتنا نہیں بلکہ گراس روٹ سے سینئر سطح تک ہاکی کے پورے نظام اور ماحول کو ازسرنو تعمیر کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسا جامع گراس روٹ ماڈل اور روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے جو اسکول ہاکی سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور قومی چیمپئن شپ تک پہنچے گا تاکہ باصلاحیت کھلاڑی شفاف نظام کے تحت قومی سینئر ٹیم میں جگہ بنا سکیں محی الدین احمد وانی نے کہا کہ نیدرلینڈز بیلجیئم جرمنی اور بھارت جیسے ممالک کی طرز پر شارٹ کٹس کے بجائے مضبوط انفراسٹرکچر اور جدید تربیتی نظام نافذ کیا جائے گا غیر ملکی ماہرین کے تعاون سے پاکستانی کوچز کی جدید خطوط پر تربیت کی جائے گی، جبکہ قومی ٹیموں کے بیرونی دوروں اور غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے پرکشش مالی مراعات اور محفوظ مستقبل کا راستہ یقینی بنایا جائے گا۔ آئندہ پانچ برسوں میں ملک بھر میں آسٹرو ٹرف گراؤنڈز کی تعداد 52 سے بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر گراؤنڈ پر فعال کوچنگ باقاعدہ مقابلوں اور گرلز ہاکی کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے منصوبے کے مختلف مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سال بنیادی ڈھانچے اور گراس روٹ نظام قائم کیا جائے گا دوسرے سال اکیڈمیز کوچنگ اور ٹیلنٹ نچرنگ کو مضبوط بنایا جائے گا جبکہ تیسرے سال نظام کی کارکردگی اور حاصل ہونے والے نتائج کا جامع جائزہ لیا جائے گا صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ہمارا ہدف کوئی عارضی شارٹ کٹ نہیں بلکہ پاکستان کے قومی کھیل اور اس کی عظیم روایت کی مستقل واپسی ہے انہوں نے کہا کہ ہاکی کی ترقی اور بحالی کے اس انقلابی منصوبے کی کامیابی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، تمام اسٹیک ہولڈرز اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

Leave A Reply

Your email address will not be published.