قومی انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن، 791 اسکولوں کی شمولیت، گراس روٹ بحالی کی امید 1057 نوجوان کھلاڑیوں اور 43 کوچز کی رجسٹریشن، اسکول ہاکی کی بحالی کے منصوبے نے رفتار پکڑ لی
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قومی انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کو ملک بھر کے اسکولوں اور نوجوان ہاکی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے شاندار ردِعمل موصول ہوا ہے جسے گراس روٹ سطح پر قومی کھیل کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق نیشنل انڈر 15 ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ملک بھر سے 791 اسکولوں نے رجسٹریشن کروائی جن میں سے 753 اسکولوں کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 38 اسکولوں کی درخواستیں زیرِ جائزہ ہیں اب تک کسی اسکول کی درخواست مسترد نہیں کی گئی رجسٹریشن مہم کے دوران 1057 انڈر 15 کھلاڑیوں نے بھی اپنا اندراج کروایا جن میں سے 960 کھلاڑیوں کی رجسٹریشن منظور، 96 درخواستیں زیرِ جائزہ جبکہ صرف ایک درخواست مسترد ہوئی ہے اس کے علاوہ 43 کوچز نے رجسٹریشن کروائی جن میں 36 منظور جبکہ 7 درخواستیں زیرِ غور ہیں اس طرح مجموعی طور پر 1100 افراد جن میں 1057 نوجوان کھلاڑی اور 43 کوچز شامل ہیں پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جس سے ملک بھر میں ابھرتے ہوئے انڈر 15 ہاکی ٹیلنٹ کا ایک بڑا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تشکیل پا گیا ہے پی ایچ ایف کے مطابق پروگرام کا مقصد اسکولوں کو انڈر 15 ہاکی ٹیموں کی تشکیل اور ترقی کے لیے منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا انہیں تربیت یافتہ کوچز سے منسلک کرنا اور مستقبل کی قومی ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر میں اسکول ہاکی کو فروغ دینے کا ہدف مقرر کیا ہے پروگرام میں شامل رجسٹرڈ اسکولوں کو آئندہ دو سے تین ہفتوں کے دوران ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیمیں تشکیل دے کر باقاعدہ تربیت اور مقابلوں میں حصہ لے سکیں یہ منصوبہ نیشنل انڈر 15 اسکولز ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے جس کا بنیادی مقصد ہاکی کو دوبارہ اسکولوں تک پہنچانا اور گراس روٹ سطح پر نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے پی ایچ ایف نے 12 سے 22 نومبر 2026 تک نیشنل انڈر 15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا بھی منصوبہ بنایا ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا