پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

فیفا نے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور کو عہدے سے ہٹا دیا

زیورخ (پی پی اے) عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق کیون لامور کی برطرفی فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کے نجی سرمایہ کاروں کو فٹبال مقابلوں میں حصص فروخت کرنے کے متنازع اور بعد ازاں منسوخ کیے گئے منصوبے پر شدید تنقید کے تین ہفتے سے بھی کم عرصے بعد ہوئی ہے۔ فیفا کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فیفا اور کیون لامور کے درمیان چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کا تعلق 17 اگست 2026 کو ختم ہوگیا۔ فیفا نے ان کی دو سالہ خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافشٹروم نے ادارے کے ملازمین کو ای میل کے ذریعے بتایا کہ فیفا اور لامور نے باہمی طور پر علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ کیون لامور نے گزشتہ ماہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے متنازع منصوبے کو ایک شخص کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا کی انتظامیہ کو بھی اس منصوبے کے بارے میں مکمل معلومات نہیں دی گئیں۔ کیون لامور نے نومبر 2024 میں فیفا میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ یورپی فٹبال تنظیم کے نائب سیکریٹری جنرل رہ چکے تھے۔ رواں ماہ مراکش میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیفا کے اعلیٰ حکام نے جیانی انفینٹینو کی حمایت کا اظہار کیا تھا، تاہم کیون لامور کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ فیفا کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ کیون لامور سے علیحدگی کا فیصلہ حالیہ بات چیت اور محتاط غور و خوض کے بعد کیا گیا، جبکہ انہوں نے ان کی خدمات، محنت اور فیفا سے وابستگی پر شکریہ ادا کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.